ریال میڈرڈ کے اُبھرتے ہوئے نوجوان فٹبالر فرانکو ماسٹانتوونو نے فٹبال کے سب سے بہترین کھلاڑی (GREATEST OF ALL TIME GOAT) بحث پر اپنا مؤقف واضح کردیا۔
لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو میں سے بہترین کھلاڑی ہونے سے متعلق بحث دنیا بھر میں کھیل کے سب سے دلچسپ موضوعات میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، تاہم 18 سالہ ارجنٹائن کے کھلاڑی نے میسی کو ہی دنیا کا بہترین فٹبالر قرار دے دیا۔
مستنتوونو کا کہنا تھا کہ میں ریال میڈرڈ کا مداح ہوں اور دنیا کے سب سے بڑے کلب میں کھیل رہا ہوں، لیکن دنیا کا بہترین اور عظیم ترین کھلاڑی میسی ہے اور یہ حقیقت اُس وقت تک رہے گی جب تک وہ ریٹائر نہیں ہو جاتے۔
میسی کے بارے میں اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں ان کے ساتھ قومی ٹیم میں کھیلتا ہوں، وہ ہر بار گیند چھوتے ہیں تو سب کو خاموش کروادیتے ہیں، اُن کے ساتھ رہنا روزانہ کی بنیاد پر کچھ نیا سیکھنے کے مترادف ہے، میں اُن کے رویے اور رہنمائی کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
نوجوان کھلاڑی کا یہ بیان ریال میڈرڈ کے شائقین کےلیے شاید زیادہ خوشگوار نہ ہو، کیونکہ کرسٹیانو رونالڈو اب بھی کلب کی تاریخ کے سب سے بڑے آئیکون سمجھے جاتے ہیں۔
رونالڈو نے 2009 سے 2018 تک ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 438 میچوں میں 450 گول اسکور کیے اور کلب کے تاریخ ساز ٹاپ اسکورر بنے، ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ریال میڈرڈ نے چار چیمپئنز لیگ ٹائٹلز اور دو لا لیگا ٹرافیاں جیتیں۔