• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پرچم لہرانے پر طلحہ انجم نے باضابطہ معافی مانگ لی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

حالیہ نیپال کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے کے واقعے پر پاکستانی معروف ریپر و گلوکار طلحہ انجم نے باضابطہ طور پر معافی مانگ لی۔

خیال رہے کہ نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں منعقدہ حالیہ کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے اور پھر اپنے اس اقدام کا دفاع کرنے پر گلوکار کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایک پاکستانی شہری نے انہیں قانونی نوٹس بھی بھجوادیا، جس میں گلوکار سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا۔

اب گلوکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے اس عمل پر ندامت کا اظہار کیا اور عوام سے معافی مانگ لی۔


بھارتی پرچم لہرانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ کنسرٹ کے دوران ایک شخص کے پاس بھارتی پرچم تھا، اس نے وہ مجھے تھما دیا، میں نے وہ پرچم لہرایا نہیں بلکہ اپنے کاندھوں پر رکھ لیا تھا جس کے بعد مذکورہ ویڈیو سامنے آئی تو تنقید شروع ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر الگ ماحول ہوتا ہے، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، میں اپنے گانے ’کون طلحہ‘ پر پرفارم کر رہا تھا، اس موقع پر میری حمایت کے لیے بھارتی ریپرز بھی وہیں موجود تھے۔ ایسی صورت میں جب میرے ہاتھ میں بھارتی پرچم آیا تو احتراماً میں نے اس مداح کے ملک کا پرچم رکھ لیا۔

طلحہ کے مطابق میں گلوکار اور شاعر ہوں، ہم امن کا پیغام دیتے ہیں اس لیے جب شائقین نے شور مچایا تو میں نے دوستی کا پیغام دیا، ورنہ میرا بھارتی پرچم لہرانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ تاہم میرے اس اقدام سے جس کسی کی دل آزاری ہوئی، جس کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی میں اس سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں کیونکہ میں آج جہاں ہوں وہ اپنے مداحوں کی بدولت ہی ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ریپر طلحہ انجم کو ایک پاکستانی شہری کی جانب سے قانونی نوٹس بھجوایا گیا تھا، جس میں اُن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے عمل سے ملک و بیرونِ ملک لاکھوں پاکستانی شہریوں میں شدید عوامی غم و غصہ، ذہنی پریشانی اور قومی، محبِ وطن اور مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے، نیز پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھایا، جہاں تاریخی تنازعات، سرحدی جھگڑوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث سفارتی و عسکری تعلقات انتہائی تناؤ کا شکار ہیں۔

قانونی نوٹس میں طلحہ انجم سے بلا مشروط عوامی معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور مزید کہا گیا تھا کہ اگر انہوں نے اس مطالبے پر عمل نہ کیا تو بغیر کسی مزید نوٹس کے ایف آئی آر درج کی جائے گی اور فوجداری کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید