انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپس اور پاک بھارت مقابلے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان 25 نومبر کو کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں 5، 5 ٹیموں کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو دو ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک گروپ میں شامل ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کہ ساتھ دیگر ٹیمیں نیدرلینڈز، نمیبیا اور یو ایس اے کے ہونے کا امکان ہے۔
مشترکہ میزبان سری لنکا کے گروپ میں آسٹریلیا، زمبابوے، آئر لینڈ اور عمان کی ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش، نیپال اور اٹلی کا ایک گروپ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، یو اے ای اور کینیڈا کے ایک گروپ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، بھارت میں میچز ممبئی، کولکتہ، چنائی، دہلی اور احمد آباد میں ہوں گے جبکہ سری لنکا میں میچز کولمبو اور کینڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ٹیم اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ احمد آباد کو فائنل کے لیے منتخب کیا گیا ہے، پاکستان کے پہنچنے کی صورت میں فائنل کولمبو میں ہو گا۔
سیمی فائنلز کے لیے ممبئی اور کولکتہ کو چنا گیا ہے، وینیوز کا انحصار سیمی فائنلسٹ ٹیموں پر ہو گا، پاکستان کے پہنچنے کی صورت میں سیمی فائنل سری لنکا میں ہی کھیلا جائے گا۔