لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے زور دیا کہ بجلی چوری ایک قومی جرم ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ لیسکو نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں، جس کے تحت قصور سرکل اور چونیاں ڈویژن میں وسیع پیمانے پر آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ای قصور سرکل راؤ کامران شوکت اور ایکس ای این چونیاں ڈویژن میاں طارق بشیر کی زیر نگرانی ایک اہم کارروائی عمل میں لائی گئی۔، ایل ایس فیڈر اور متعلقہ سرکاری عملے نے رپورٹ کیا کہ کوٹ حاجی بگہ گاؤں میں نصب سکیننگ میٹر کو ایک صارف نے مانیٹرنگ سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر توڑ دیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس مقام پر موجود کُل 7 کنکشنز کے صارفین اور پورا گاؤں بجلی چوری اور میٹر کو بائی پاس کرنے میں ملوث تھا۔ اس سنگین خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے، ایس ڈی او کنگن پور سب ڈویژن اسامہ نے رینجرزاور پولیس کے ہمراہ ایک مشترکہ آپریشن کیا، ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔ علاوہ ازیں، بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف جاری مہم کے تحت مختلف مقامات سے کُل 09 سپین (Span) ایل ٹی لائنیں بھی ہٹا دی گئیں۔