اسلام آباد، لاہور ( طاہر خلیل، مقصود اعوان) پنجاب اور کے پی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 13نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج (اتوار) کو ہو گی جس کیلئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے، فوج ،سول آرمڈ فورسز نے ڈیوٹی سنبھال لی ہے، پولنگ کا عمل صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہیگا، 2792پولنگ اسٹیشنز میں سے 792حساس، 408انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، پاک آرمی اور سول آرمڈ فورسز بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات ہونگی جبکہ 20ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاربھی موجود ہونگے، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ شفافیت اور پرامن ماحول میں پولنگ ہماری اولین ترجیح ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی، 23 امیدوار سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر اور 82آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی تعداد نمایاں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 13نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج (اتوار)کو ہو گی جس کیلئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔ان کا کہنا تھاکہ الیکشن میٹریل کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا ہے، محفوظ ترسیل کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ 939 مردانہ، 889 زنانہ، 964 جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز اور الیکشن کمیشن عملےکو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں ۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی جسکی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائیگی۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری عمر حمید نے بتایا کہ ضمنی الیکشن میں انتخابی مہم ختم ہوگئی اور پولنگ کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد لازمی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ادارے الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت امیدواروں کا تشہیری مواد نشر کرنے سے گریز کریں۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔