• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: شادی سے انکار پر نوجوان نے 19 سالہ لڑکی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں شادی سے انکار کرنے پر نوجوان نے 19 سالہ لڑکی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  لکھنؤ کے علاقے موہن لال گنج میں 19 سالہ لڑکی کو اس کے شناسا نوجوان نے مبینہ طور پر گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ 

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت پریانشی کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے گھر میں مردہ پائی گئی، ملزم آلوک اور پریانشی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آلوک نے اسے اس وقت حملے کا نشانہ بنایا جب لڑکی نے اس کی شادی کی پیشکش مسترد کر دی، دونوں کے درمیان واقعے سے کچھ دیر پہلے شدید جھگڑا ہوا تھا۔

تحقیقات کے مطابق آلوک موٹر سائیکل پر گھر آیا اور جھگڑے کے دوران اس نے پریانشی کو چاقو مارا اور بعد ازاں اس کا گلا کاٹ دیا، واردات کے فوراً بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا۔

پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اے ڈی سی پی اور اے سی پی سمیت سینئر افسران فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے، جبکہ جائے واردات سے فرانزک ٹیم اور فنگر پرنٹ ماہرین نے شواہد جمع کیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  ابتدائی تفتیش اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ قتل کی وجہ ذاتی تنازع تھی، فرار ملزم کو پکڑنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ فرانزک تحقیقات، گواہوں کے بیانات اور دیگر قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس سے قبل اسی ہفتے پریاگ راج میں ایک فوجی اہلکار کو اپنی 17 سالہ گرل فرینڈ کا گلا کاٹ کر قتل کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق دیپک نے لڑکی کو اس وقت قتل کیا جب وہ شادی پر اصرار کر رہی تھی، جبکہ وہ پہلے ہی منگنی کر چکا تھا۔

ملزم نے 10 نومبر کو لڑکی کو باغ لے جا کر قتل کیا اور لاش کو دفن کر دیا، 5 دن بعد مقتولہ کی لاش برآمد ہوئی۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ گزشتہ ماہ کانپور میں بھی پیش آیا تھا، جہاں  ایک 20 سالہ لڑکی اکنکشا عرف ماہی کے قتل کا کیس بھی حل کیا گیا۔

اکنکشا کو اس کے ساتھ تعلق میں رہنے والے شخص نے گلا دبا کر قتل کیا اور دوست کی مدد سے لاش کو بیگ میں بند کرکے دریا میں پھینک دیا تھا، 2 ماہ کی تفتیش کے بعد دونوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید