دبئی ایئر شو میں بھارتی تیجس طیارے کی تباہی سے اسلحے کے عالمی خریداروں میں بھارت کی ساکھ تباہ ہو گئی۔
بھارت پچھلے 40 برسوں سے اپنے جنگی طیارے عالمی منڈی میں بیچنے کی کوشش کر رہا تھا، بھارت اپنے مگ 29 طیاروں کی آئے روز گر کر تباہی پر پریشان تھا۔
ان طیاروں کی جگہ تیجس طیارے لانا چاہتا تھا، مگر تیجس طیارے بھی تباہ ہونے لگے، جس کے بعد بھارتی لڑاکا طیارے کی برآمدات سے متعلق امیدوں کو دھچکا لگ گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان نے چین کے ساتھ اشتراک سے جے ایف 17 تھنڈر جنگی جہاز بنایا ہے، جو اب ایک دوست ملک کو بھی دیا جائے گا۔
جمعے کے روز ہوئے حادثے کی وجوہات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں، بھارتی ایئر فورس بھی اپنے فائٹر اسکواڈرنز کی کمی پر فکرمند ہے، جن کی منظورشدہ تعداد 42 سے کم ہو کر29 رہ گئی ہے۔
بھارتی فضائیہ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ تیجس کو ریٹائر ہونے والے مگ 29، جیگوار اور میراج 2000 طیاروں کا متبادل ہونا تھا لیکن تیجس لڑاکا طیاروں کو پیداواری مسائل کا سامنا ہے۔
بھارتی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت مزید فرانسیسی رافیل طیاروں کی خریداری، امریکا اور روس کے ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں ایف 35 اور ایس یو57 کی پیش کشوں پر غور کر رہا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق بھارت تیجس طیاروں کے معاملے میں بے حد محتاط ہے، جنوری میں یوم جمہوریہ کی فضائی پریڈ اور پاکستان کے ساتھ مئی کے 4 روزہ تنازع میں بھی تیجس لڑاکا طیاروں کو استعمال نہیں کیا گیا، بھارتی حکام نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔