• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: بیوی کے چپل سے پٹائی کرنے پر شوہر نے خود کو آگ لگالی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں بیوی کے چپل سے پٹائی کرنے پر شوہر نے خود کو آگ لگالی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 35 سالہ ہریش نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کے طویل عرصے سے جاری ناجائز تعلق کا معلوم ہونے اور اس کی جانب سے تشدد کرنے پر خود کو آگ لگا لی۔

اسے بچانے کی کوشش میں اس کی ماں انجناما بری طرح جھلس گئیں اور اس وقت وکٹوریہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہریش کی شادی تقریباً دس سال قبل منجولا سے ہوئی تھی، گزشتہ تین برس سے منجولا کا سریش نامی شخص کے ساتھ تعلق تھا۔ جب ہریش نے اس بارے میں سوال کیا تو اس نے مبینہ طور پر سریش کے سامنے ہی چپل سے اس کی پٹائی کی، جس سے وہ شدید ذہنی اور جذباتی صدمے میں چلا گیا۔

گھر میں مسلسل لڑائی جھگڑوں اور ہراسانی سے تنگ آکر ہریش نے مبینہ طور پر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، اس کی ماں نے فوراً لپک کر اسے بچانے کی کوشش کی، مگر وہ خود بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر شدید زخمی ہوگئیں۔

ہریش کی موت کے بعد  اس کی بیوی منجولا، اس کے مبینہ عاشق سریش، اور سندیپ نامی ایک اور شخص کے خلاف خودکشی پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تفتیش جاری ہے اور گواہان کے بیان لیے جارہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید