آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبر کے بعد وضاحت دے دی۔
اس حوالے سے ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں کے تعین سے متعلق غلط تاثر پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی منظور نہیں کی گئی۔
ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا، پرانے ریٹس برقرار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان اوگرا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سوئی نادرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت میں 3 فیصد اور سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمت میں 8 فیصد کمی تجویز کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سوئی ناردرن کے لیے کمی کے بعد گیس کی قیمت 1804روپے 8 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت 1549 روپے 41 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو تجویز کی گئی ہے۔
بعدازاں خبر سامنے آئی کہ سوئی ناردرن کے لیے گیس کی قیمت 1852 روپے 80 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی۔
سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمت 1777روپے 2 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔