• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایتھوپیا، ہیلی گُبی آتش فشاں کا پھٹنا غیر معمولی واقعہ ہے، ماہرین

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

ایتھوپیا کے شمال مشرقی خطے میں واقع ہیلی گُبی (Hayli Gubbi) آتش فشاں کا پھٹنا ماہرین کے مطابق غیر معمولی واقعہ ہے۔

برطانوی ماہر ارضیات جولیئٹ بگز کے مطابق یہ آتش فشاں shield volcano کی قسم سے ہے، جو عام طور پر لاوے کے بہاؤ کے لیے مشہور ہوتے ہیں، نہ کہ راکھ کے بڑے بادل پیدا کرنے کے لیے۔

برطانوی جیولوجیکل سروے کے آرٹیکل کے مطابق آتش فشاں صرف قریبی نہیں بلکہ سینکڑوں یا ہزاروں کلومیٹر دور علاقوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، راکھ (Ash) اور آتش فشاں کے مواد کے ٹکڑے (Tephra) فضا میں بکھر جاتے ہیں اور تیز ہواؤں کے ذریعے یہ ذرات دور دراز علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

آرٹیکل کے مطابق آتش فشاں کے پھٹنے سے خارج ہونے والی راکھ اور زہریلی گیسیں، جیسے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ اور سلفر ڈائی آکسائیڈ ناصرف فضا بلکہ انسانی صحت، زراعت اور فضائی سفر اور طیاروں کے انجنوں کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔

دوسری جانب  فرانسیسی موسمیاتی ادارے ٹولوز وولکینک ایش ایڈوائزری سینٹر (VAAC) کے مطابق، ہیلی گُبی (Hayli Gubbi) آتش فشاں سے اُٹھنے والا دھواں 14 کلومیٹر (45 ہزار فٹ) کی بلندی تک جا پہنچا۔

ادارے کے مطابق آتش فشاں سے اُٹھنے والی راکھ کے بادل یمن، عمان، بھارت اور  پاکستان میں دیکھے گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید