لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کا اب تک کا سفر آسان نہیں تھا، لاہور قلندرز کا مقصد صرف ٹرافی جیتنا نہیں ہے بلکہ کھلاڑیوں کو پاکستان کے لیے تیار کرنا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے دس سالہ سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ سب یہی کہا کرتے تھے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں لیکن لاہور قلندرز نے ٹیلنٹ کو موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ عاطف رانا اور ثمین رانا کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے نوجوانوں کو موقع دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے 6 برس لاہور قلندرز کے اچھے نہیں رہے تھے لیکن اگلے 4 سالوں میں تین ٹرافیاں جیتیں، مقامی کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا اور شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ دس برسوں میں کامیابی کا کریڈٹ ثمین رانا اور نوجوان کھلاڑیوں کو جاتا ہے، لاہور قلندرز نے نوجوانوں کو جدید سہولتیں مہیا کیں، آئندہ بھی یہی ٹارگٹ ہے۔
کپتان لاہور قلندرز شاہین آفریدی نے کہا کہ آئندہ بھی یہی مقصد ہے کہ کھلاڑیوں کو کیسے تلاش کرنا ہے اور انہیں کیسے بنانا ہے۔