وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ہمراہ ”اپنی زمین، اپنا گھر“اسکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
لاہور میں اسکیم کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی تقریب میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ کی درخواست پر بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مفت پلاٹ حاصل کرنے والے کئی خوش نصیبوں کو فون کر کے مبارک باد دی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کھوکھلے نعرے نہیں وعدوں کی حقیقی تعبیر پیش کر رہے ہیں، اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے پنجاب کے 19 اضلاع میں 2 ہزار افراد کو رہائشی پلاٹ تقسیم کیے گئے۔
نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں غریبوں کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں، غریب افراد کا مفت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے، اسپتال بن رہے ہیں، ہر ضلع میں گرین بسیں چل رہی ہیں، پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے۔