• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپال: 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری، بھارت میں کھلبلی مچ گئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نیپال کے مرکزی بینک نے 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کردیے، گزشتہ روز جاری ہونے والے نئے کرنسی نوٹ میں نیپال کا نیا نقشہ دکھایا گیا ہے، جس سے بھارت میں کھلبلی مچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے نوٹ میں کالاپانی، لیپولیکھ اور لمپیادھورا جیسے متنازع علاقے دکھائے گیے ہیں، جو بھارت کے ساتھ تنازع کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال راسٹرا بینک (این آر بی) کے نئے نوٹ پر سابق گورنر مہا پرساد ادھیکاری کے دستخط ہیں، جبکہ نئے نوٹ کے اجراء کی تاریخ 2081 BS ہے، جو گزشتہ سال 2024 کو ظاہر کرتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ کا ڈیزائن گزشتہ برس منظور کیا گیا تھا، یہی وجہ ہے کہ حالیہ جاری ہونے والے نئے نوٹوں پر 2024 درج ہے۔

واضح رہے کہ 2020ء میں نیپال کے سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی حکومت نے ملک کا ترمیمی نقشہ جاری کیا تھا جس میں اس نے اہم اسٹرٹیجک علاقے لیپو لیکھ، لیمپیادھورا اور کالاپانی کو آئینی طور پر اپنا حصہ قرار دیا تھا، بعد ازاں پارلیمنٹ سے اس کی توثیق کر دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نیپال نے سابق وزیرِ اعظم پشپا کمال ڈھال کی منظوری کے بعد 100 روپے کے نئے نوٹ کا ڈیزائن منظور کیا گیا تھا، جسے اب باضابطہ طور پر جاری کردیا گیا ہے، جو قابلِ استعمال ہے۔ اس نوٹ کی پچھلی جانب موجود پرانا نقشہ تبدیل کر کے نیا نقشہ شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت نے موقف اپنایا ہے کہ لیپولیکھ، کالاپانی اور لمپیادھورا کے علاقے اس کے ہیں۔ بھارت کا کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ نقشے کو کرنسی نوٹ کا حصہ بنانا نیپال کا یکطرفہ عمل ہے۔ اس نوعیت کی مصنوعی توسیع پر مبنی علاقائی دعوے قابلِ قبول نہیں ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید