• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان روٹ کی بندش، متبادل راستے تلاش کیے جائیں، محمد ایوب مریانی

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے کہا ہے کہ افغان روٹ کی بندش کے بعد متبادل راستےتلاش کیے جائیں تاکہ کروڑوں ڈالرز کے آرڈرز ضائع نہ ہوں انہوں نے متبادل راستوں سے تجارت کےلئے بنکوں کو سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہےگزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں مختلف کاروباری شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے حاجی محمد ایوب مریانی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ بگڑتے تعلقات اور افغان روٹ کی بندش کے بعد بین الاقوامی تجارت کےلئے متبادل راستوں کی جنگی بنیادوں پر تلاش وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اس کے ذریعے کروڑوں ڈالرز کے آرڈرز ضائع ہونے کے خطرے کو ٹالا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے میں ایک اجلاس کا انعقاد اور اس میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے بزنس کمیونٹی کی ملاقات بھی متوقع ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد کا ذریعہ معاش بارڈر اور بارٹر ٹریڈ ہے کچھ عرصے سے پاکستان کے افغانستان کے ساتھ بگڑتے تعلقات اور افغان روٹ کی بندش سے ان لوگوں کے روزگار پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے ہم چاہتے ہیں کہ ملک اور صوبے میں قانونی تجارت کو فروغ ملے اور لوگوں کو باعزت روزگار میسر آسکے انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ملک اور صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ کےلئے اقدامات اور کاوشوں کو جاری و ساری رکھے گا۔