• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوتم گمبھیر، ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مسلسل بگڑتے تعلقات پر ڈریسنگ روم میں کشیدگی: بی سی سی آئی پریشان

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بھارتی میڈیا کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سینئر بیٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان تعلقات میں نمایاں سرد مہری پیدا ہو گئی ہے جس کے سبب بھارتی ون ڈے ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دونوں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی ٹیم کے ماحول میں وہ گرمجوشی واپس نہیں لائی جو ٹیسٹ سیریز کے دوران نظر آئی تھی۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ گمبھیر اور دونوں سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اعتماد اور بات چیت میں کمی آئی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ کوہلی اور روہت کی جانب سے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد سے ہیڈ کوچ اور سینئر کھلاڑیوں کے تعلقات میں دراڑیں کھل کر سامنے آئی ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بھی کئی ناخوشگوار پہلو سامنے آئے جن میں روہت شرما اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے درمیان عملی طور پر کوئی رابطہ نہ ہونا بھی شامل ہے۔ 

دوسری جانب کوہلی اور گمبھیر کے درمیان بات چیت میں کمی نے بھی صورتحال مزید پیچیدہ کر دی ہے۔

بی سی سی آئی کی تشویش میں اضافہ

سینئر کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان کشیدہ ماحول نے بھارت کے کرکٹ بورڈ کو بھی تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ 

آن لائن پلیٹ فارمز پر گمبھیر کے خلاف ہونے والی تنقید نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے جس پر بی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیدار ناخوش ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں داخل ہوتے ہوئے، ٹیم مینجمنٹ، کوچ اور سینئر بیٹرز کے درمیان محدود رابطے نے ٹیم کے مجموعی ماحول پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

بھارتی ٹیم کے اندر اختلافات اور غیر یقینی صورتحال کو بی سی سی آئی مستقبل کے لیے خطرے کی گھنٹی سمجھ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے جہاں سینئر بیٹرز اور کوچ کے درمیان بہتر ہم آہنگی ٹیم کے مستقبل کی کامیابیوں کے لیے ناگزیر ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید