پیاز ناصرف نمکین پکوانوں کا لازمی حصہ ہے بلکہ غذائیت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خاص فائدے بھی رکھتا ہے۔
پیاز میں موجود فائبر، وٹامن سی، وٹامن بی 6، فولک ایسڈ، پوٹاشیم اور مینگنیز اسے ایک طاقتور غذائی جز بناتا ہیں۔
ماہرین کے مطابق کچے پیاز میں پائے جانے والے خاص مرکبات خون میں شوگر کے توازن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ذیل میں کچے پیاز کے وہ اہم فوائد بیان کیے گئے ہیں جو ذیابیطس کے مریضوں کی صحت کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں:
کچے پیاز میں کیورسٹن نامی اینٹی آکسیڈنٹ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، یہ خاص طور پر سُرخ پیاز میں ہوتا ہے، یہ جز آنتوں، لبلبے، عضلات اور جگر کے خلیوں کے ساتھ مل کر گلوکوز کا جسم میں استعمال بہتر بناتا ہے اور فاسٹنگ بلڈ شوگر کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
پیاز میں موجود سلفر کمپاؤنڈز انسولین کے مؤثر استعمال کو بہتر بنانے میں مددگار ہو سکتے ہیں، پیاز کے استعمال سے شوگر کی سطح مستحکم رہتی ہے۔
پیاز میں موجود فائبر اور پری بائیوٹکس آہستہ آہستہ شوگر جذب ہونے میں مدد دیتے ہیں جس سے اچانک شوگر بڑھنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
پیاز فائدے مند بیکٹیریاز کو بڑھا کر مجموعی میٹابولزم کو بھی تیز کرتا ہیں۔
ذیابیطس کے مریضوں میں دل کی بیماریوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، پیاز کے اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلامیٹری خصوصیات سوزش کم کرتی ہیں، بلڈ پریشر کو متوازن کرتی ہیں اور نقصان دہ کولیسٹرول (LDL) اور ٹرائگلیسرائیڈز میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔
پیاز میں موجود قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں سوزش کو کم کر کے مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتے ہیں جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خاص طور پر ضروری ہے۔
پیاز کچا کھائیں یا پھر پکا کر؟
پیاز کے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے اسے کچا کھانا ہی بہتر ہے کیونکہ پکانے سے اس کے اہم مرکبات کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
استعمال کے آسان طریقے:
بطور سلاد یا سبزیوں میں باریک کٹی ہوئی پیاز شامل کریں۔ رائتے میں کچی پیاز ملا کر کھائیں۔ سینڈوچ یا رَیپ میں کچی پیاز کا استعمال کریں۔
اہم ہدایت
کچا پیاز ذیابیطس کے لیے مفید ضرور ہے مگر یہ کسی بھی طرح دوائیوں کا متبادل نہیں۔ مریض اپنی غذا میں بڑے پیمانے پر تبدیلی سے پہلے ڈاکٹر یا ماہر غذائیت سے مشورہ ضرور کریں۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔