جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد بھارتی نوجوان بلے باز تلک ورما نے ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
تلک ورما کا کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ اِن کی فطری طرزِ کھیل سے قریب ہیں اور وہ طویل فارمیٹ سے خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔
تلک ورما کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی کی موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کا اعتماد کئی گنا بڑھا دیتی ہے، دونوں بیٹرز کا تجربہ اور رہنمائی سے اِنہیں اپنا کھیل بہتر کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ کوہلی کے ساتھ فٹنس اور کھیل کے حوالے سے گفتگو بھی ان کی کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
نوجوان کھلاڑی تلک ورما نے ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گمبھیر اِنہیں ذہنی طور پر مضبوط کھلاڑی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، گمبھیر اِنہیں نیٹ سیشنز میں دباؤ میں کھیلنے کی مشق کرواتے ہیں تاکہ وہ میچ کے دوران کھیل کے دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھال سکیں۔
تلک ورما کے مطابق ہیڈ کوچ کا اِن کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اِنہیں مزید بہتر کھیل پیش کرنے میں مدد دیتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑی تلک ورما نے تاحال ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا ہے تاہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے محدود اوورز میں وہ 23 میچوں میں 661 رنز بنا چکے ہیں جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ون ڈے آج رائے پور میں کھیلا جائے گا، ون ڈے سیریز سے قبل بھارت کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میچز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔