کراچی میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔
جیونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کا لوڈ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی وی ڈی میں مریضوں میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، سرد موسم میں دل کے دورے اور انجائنا کے کیسز بڑھے ہیں۔
ڈاکٹر جاوید اکبر سیال کا کہنا تھا کہ سردیوں میں دل کے مریض انفیکشن کا جلد شکار ہو جاتے ہیں، سانس کی بیماریاں دل پر شدید اثر ڈالتی ہیں، سرد موسم میں خون کی نالیاں سکڑنے سے دل پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردیوں میں ریسپائریٹری انفیکشن دل کے مریضوں کے لیے خطرناک ہوتے ہیں، دل کے مریض خود کو سردی سے محفوظ رکھیں، بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنا نہایت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نزلہ، کھانسی، بخار یا سینے میں درد کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔