• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں میسی کو سیکیورٹی رسک، مجسمہ کی نقاب کشائی آن لائن کرنی پڑ گئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی نے بھارتی شہر کلکتہ میں قائم اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر لیونل میسی آج بھارت کے تین روزہ دورے کے لیے کلکتہ پہنچے جہاں انہوں نے کلکتہ کے لیک ٹاؤن میں واقع شری بھومی اسپورٹنگ کلب میں اپنے 21 میٹر بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ انٹر میامی کے اسٹار فٹبالر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ذاتی طور پر نہیں بلکہ ورچوئل طور پر مجسمے کی نقاب کشائی کی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان بھی شائقین کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے اس تاریخی لمحے کو میسی کے مداحوں کے ساتھ مل کر منایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوہے سے تیار کردہ یہ بلند و بالا مجسمہ میسی کو فیفا ورلڈ کپ ٹرافی تھامے ہوئے دکھاتا ہے، جسے 38 سالہ ارجنٹائن کے لیجنڈری کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے صرف 40 دن میں مکمل کیا گیا۔ اس مجسمے کو 45 افراد کی ٹیم نے 27 دن کی مسلسل محنت سے تیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ میسی تین روزہ ’گوٹ ٹور‘ کے سلسلے میں آج بھارت پہنچے ہیں۔ اس دوران میسی چار بھارتی شہروں کا دورہ کریں گے اور ممکنہ طور پر دارالحکومت نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس کے علاوہ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے میسی اپنے مختصر دورہ کلکتہ کے دوران بھارت کے سابق کرکٹ کپتان سورو گنگولی سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل میسی نے بھارت کے دورے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے شائقین سے ملنے کی خوشی ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا تھا کہ میرے لیے بھارت ایک خاص ملک ہے، 14 سال قبل یہاں گزارا گیا وقت میری یادوں میں آج بھی تازہ ہے، یہاں کے شائقین لاجواب تھے۔ بھارت فٹبال سے محبت کرنے والا ملک ہے اور میں نئی نسل کے شائقین سے ملنے اور اس خوبصورت کھیل کے لیے اپنی محبت بانٹنے کا منتظر ہوں۔

کلکتہ کے بعد میسی حیدرآباد، ممبئی اور نئی دہلی جائیں گے۔ کلکتہ میں وہ ایک مختصر دوستانہ میچ بھی کھیلیں گے، جبکہ حیدرآباد میں ان کے اعزاز میں منعقدہ کنسرٹ میں شرکت اور ایک اور دوستانہ میچ کھیلنے کا امکان ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید