• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متروکہ وقف املاک اورایف آئی اے کا چھاپہ، کاٹن ایکسچینج بلڈنگ سیل

کراچی ( سہیل افضل،اسٹاف رپورٹر) کاٹن ایکسچینج بلڈنگ آئی آئی چندریگر روڈ پر متروکہ وقف املاک بورڈ (Evacuee) اورایف آئی اے کا مشترکہ چھاپہ،بلڈنگ کو سیل کر دیا گیا،کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے چھاپے اور بلڈنگ کو سیل کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کو یہ بات پہلے ہی مطلع کی جا چکی تھی کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن (KCA) مذکورہ جائیداد پر قانونی طور پر قابض ہے اور اسے کراچی میونسپل کارپوریشن (KMC) کی جانب سے 2081 تک کے لئے باقاعدہ لیز جاری کی جا چکی ہے،متروکہ وقف بورڈ کا موقف ہے کہ کاٹن ایکسچینج بلڈنگ بورڈ کی ملکیت ہے ۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محکمہ وقف اسرار حسین شاہ کی جانب سے عمارت پر بینرز آویزاں کردیا گیا ہے۔ اس بینر میں کہا گیا ہے کہ کاٹن ایکسچینج بلڈنگ محکمہ متروکہ وقف کی ملکیت ہے۔یہ کارروائی عدالت کے حکم پر کی گئی ہے۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کو بورڈ نے شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا ،جس کے بعد کارروائی کی گئی ہے ،دوسری جانب کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے ایویکی ٹرسٹ اور ایف آئی اے کے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شدید اعتراض اور مطالبہ کیا ہے کہ اگر کوئی سیلنگ نوٹس جاری کیا گیا ہے تو اسے فوراً واپس لیا جائے اور عمارت کو فی الفور ڈی سیل کیا جائے، بصورت دیگر KCA قانون کے مطابق ان کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے، بشمول ان نقصانات کے ازالے کے جو اس غیر قانونی کارروائی کے باعث ہوئے ہیں۔یہ تمام حقوق اور قانونی اقدامات اس کے علاوہ ہیں جو ایسوسی ایشن کے وہ اراکین اختیار کریں گے جنہیں بغیر نوٹس کے اس غیر قانونی سیلنگ کے باعث نقصان اٹھانا پڑا ہے۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن پاکستان کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں متعدد کاروباری ادارے، بشمول ملٹی نیشنل کمپنیاں قائم ہیں۔ ایویکی ٹرسٹ کی جانب سے KCA کو ایک شو کاز نوٹس جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کاٹن ایکسچینج بلڈنگ ایک ایویکی پراپرٹی ہے۔
اہم خبریں سے مزید