• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری گینگ وار پھر تیز، زیرتعمیر عمارت میں بھتہ خوروں کی فائرنگ، 2 افراد زخمی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گارڈن میں زیر تعمیر عمارت میں بھتہ خوروں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں بھتہ خوری کے واقعات نہ تھم سکے۔ گارڈن تھانے کی حدود چڑیا گھر بیٹری مارکیٹ زم زم ہوٹل کے قریب زیر تعمیر عمارت میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 48سالہ محمد ساجد ولد فقیر حسین اور 16سالہ ممتاز ولد معشوق کے ناموں سے ہوئی۔ واقعہ کے وقت دونوں افراد زیر تعمیر عمارت میں موجود تھے۔ پولیس نے بتایا کہ محمد ساجد نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ موٹر سائیکل سوار دو افراد زیر تعمیر عمارت کے باہر آئے، دستک کی آواز پر جیسے ہی اس نے دروازہ کھولا تو موٹرسائیکل کی عقبی سیٹ پر بیٹھے شخص نے ایک پرچی جیب سے نکال کر اسے تھمائی جس پر لیاری گینگ وار اور ایک فون نمبر درج تھا جو کہ بغیر ملکی نمبر تھا، موٹرسائیکل چلانے والے شخص نے پستول نکال کر فائرنگ شروع کر دی اور کہا کہ اپنے سیٹھ کو بولو کہ فوری طور پر اس نمبر پر رابطہ کر کے رقم ادا کریں ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہونگے جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید