• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کی جامعات میں سخت سکیورٹی اقدامات نافذ کرنے کا حکم

لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر محکمہ ہائر ایجوکیشن نے صوبے کی تمام سرکاری اور نجی جامعات اور تعلیمی اداروں میں فوری طور پر سخت سکیورٹی انتظامات نافذ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے،وائس چانسلرز اور ریکٹرز براہِ راست ذمہ دار ہونگے، ہدایات پر عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کیلئے 7 دن کی مہلت۔ “جنگ” کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق تمام وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو ایک نہایت اہم مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں سکیورٹی کے معیاری طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق جامعات میں داخلے اور اخراج کیلئے صرف ایک مرکزی گیٹ استعمال کیا جائے گا جبکہ دیگر تمام راستے بند رکھے جائیں گے۔ ہر داخلی راستے پر تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز تعینات ہوں گے، آنے والے افراد کی شناختی کارڈ کے ذریعے تصدیق، وزیٹر رجسٹریشن اور وزیٹر پاس کا اجرا لازمی ہوگا۔ طلبہ اور عملے کو ہر وقت شناختی کارڈ نمایاں طور پر پہننے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بغیر اجازت اور مشکوک افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مراسلے میں جامعات کو ہدایت دی گئی ہے کہ باؤنڈری وال کی اونچائی کم از کم آٹھ فٹ رکھی جائے، اس پر ریزر وائر نصب ہو، مناسب روشنی کا انتظام کیا جائے اور تمام حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہوں۔
اہم خبریں سے مزید