پشاور(جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام گورنمنٹ شہید اسامہ طاہر ہائی سکول میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں اساتذہ‘ طلباء اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان اور ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس اور سیٹ بیلٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز نے طلبہ کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔