پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے حیات آباد میں حساس ادارے کا جعلی اہلکار افغان باشندے سے 1لاکھ روپے اور موبائل فون لیکر رفوچکر ہوگیا، بیری بابا روڈ پر دودوستوں سے موٹرسائیکل، موبائل فونز اور 50ہزار روپے نقدی چھین لئے گئے جبکہ تھانہ شرقی کی حدود میں موٹرسائیکل چوری کرلی گئی۔تھانہ حیات آباد پولیس کو ثواب الرحمان ولد نجیب الرحمان سکنہ حیات آباد فیز4نے 8اکتوبر کو رپورٹ کی کہ وہ افغانستان کا مستقل باشندہ ہے اوروہ علاج معالجے کیلئے پاکستان آیا ہے وحیات آبادفیز4کے گیسٹ ہاوس میں رہائش پذیر ہے ،وقوعہ کے روز ڈبگری گارڈن پشاور سے بی آر ٹی میں سوار ہوکر ہسپتال چوک فیز4پہنچااور اس کی زوجہ بھی ہمراہ تھی، وہ روڈ پر کھڑے تھے اس دوران موٹرکار میں سوار شخص نے انہیں گاڑی میں بٹھایااور راستے میں بتایاکہ یہاں حساس اداروں کے دفاتر ہیں، آپ کی ویڈیو بنارہے ہیں، میں حساس ادارے کا اہلکار ہوں ،وہ گاڑی میں ہم سے بٹوہ اور موبائل فون لے گیا جبکہ بیگ واپس کردیا اور جمرود روڈ پر اتارکر چلا گیا۔ مدعی نے بتایاکہ بٹوے میں ایک لاکھ روپے تھے ،وہ سرکاری اہلکار نہیں تھا بلکہ اس نے دھوکہ دیا ہے ۔ پولیس نے انکوائری مکمل ہونے پر مقدمہ درج کرلیا ۔ادھر تھانہ انقلاب پولیس کو عبدالمجید سکنہ دیرکالونی خان مست کالونی نے بتایاکہ وہ اپنے دوست عاطف خان سکنہ سوڑیزئی کے پاس گیا تھا، واپسی پر بیری بابا روڈ میاں قلعے کے مقام پر تین افراد پیدل آرہے تھے جنہوںنے پستول نکال کر مجھے زبردستی روکا اور مجھ سے 125موٹرسائیکل ،موبائل فون اور ایک پستول 9ایم ایم اور 30ہزار روپے جبکہ دوست سبحان اللہ سے 20ہزار روپے لیکر نائب خان گھڑی کی طرف فرار ہوگئے۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تھانہ شرقی پولیس کو راحت گل سکنہ آبشار کالونی نے بتایاکہ اس نے آبشار کالونی گلی نمبر9میںگھر کے باہر مین گیٹ کے قریب موٹرسائیکل 125کھڑی کررکھی تھی اور خود گھر چلا گیا تھا، 15منٹ بعد واپس آیا تو موٹرسائیکل غائب تھی جو نامعلوم چور لے گیا تھا، پولیس نے انکوائری کے بعد ایف آئی آر درج کرلی ۔