کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن پریشان چوک کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ،فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے، رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 86 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی پریشان چوک کے قریب فائرنگ سے نوجوان جاںبحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 18 سالہ نصیر احمد ولد پیر خان کے نام سے ہوئی ۔ایس ایچ او مومن آباد معراج انور نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا ۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود عابد آباد چنگچی اسٹاپ کے قریب کسی شہری سے لوٹ مار کی ،ملزمان فرار ہورہے تھے کہ جس سے واردات ہوئی تھی وہ شہری ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے پریشان چوک کے قریب پہنچ گیا ۔ شہری نے شور مچایا تو نصیر نے بھی چور چور کی آوازیں لگانا شروع کردیں جس پر ملزمان نے پکڑے جانے کے خوف سے فائرنگ شروع کردی ۔ ملزمان نے 3 گولیاں چلائیں جس سے ایک گولی نصیر کو سینے پر لگی جو جان لیواثابت ہوئی۔ مقتول نصیر راہ گیر تھا جو کابلی چوک عابد آباد پولیس چوکی کے قریب کا رہائشی تھا۔ ملزمان فائرنگ کرنے کےبعد موقع سے فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او مومن آباد معراج انور کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ مقام تھانہ اتحاد ٹاؤن ڈسٹرکٹ کیماڑی کی حدود میں آتا ہے جبکہ ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن اسد الٰہی نے بتایا کہ عابد آباد میں ڈاکوؤں کی جانب سے کسی شہری کو لوٹنے کا واقعہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی مذکورہ مقام تھانہ مومن آبا دکی حدود میں آتا ہے ۔ جائے وقوعہ پر سوپ لگانے والے ایک شہری نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی جس پر شہری نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 86 ہوگئی ہے۔