• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”عالمی اردو کانفرنس 2025۔جشن پاکستان“ 25 دسمبر کو شروع ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ نیوز ایجنسی)صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ چار روزہ ”اٹھارہویں عالمی اردو کانفرنس 2025۔ جشن پاکستان“ کا آغاز 25دسمبر بروز جمعرات کو کیا جائے گا جو 28 دسمبر تک آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گی، کشیدہ تعلقات کے باعث عالمی اردو کانفرنس بھارتی وفد کے بغیر منعقد ہوگی تاہم دنیا بھر سے تمام ادیب اور شعراءشرکت کرنے آرہے ہیں۔ وہ عالمی اردو کانفرنس کے حوالے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر معروف شاعرہ زہرا نگاہ، ماہر تعلیم و دانشور پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، نائب صدر منور سعید، جوائنٹ سیکریٹری نور الہدیٰ شاہ اور سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے بھی بریفنگ دی۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی اردو کانفرنس ہے، اس مرتبہ ہم 1947 سے اب تک پاکستانی ادب کاجشن منا رہے ہیں، جتنے بڑے شاعر ، ناول نگار، افسانہ نگار سب پر کانفرنس میں بات ہوگی جو لوگ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں نمایاں ادیبوں کے ساتھ نشست رکھی گئی ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں، ”اے آئی کے ادب پر اثرات“ موسمیاتی تبدیلی، یادِ رفتگاں سمیت کئی اہم موضوعات پر بات چیت ہوگی، دو عالمی مشاعرے ہوں گے جبکہ کانفرنس میں ایاز فرید اور ابو محمد قوال بھی پرفارم کریں گے۔