کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ صدر ، وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی سمیت پانچ بڑوں کو اعتماد سازی کے لئے آپس میں مل بیٹھنے کی ضرورت ہے اور اس تجویز میں پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے ۔ چیف وہپ قومی اسمبلی تحریک انصاف ملک عامر ڈوگر نےکہا کہ اعتماد سازی کے لئے علامہ راجہ ناصر اور محمود اچکزئی کی بانی سے ملاقات کرائی جائے۔ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک ‘‘ میں میزبان حامد میر نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ 2026 کا آغاز اچھی خبروں سے ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ عمومی طور پر اچھی خبروں کو میڈیا میں جگہ کم ملتی ہے سیاسی خبروں کو زیادہ جگہ دی جاتی ہے2025 میں معیشت ٹریک پر آچکی ہے۔