کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں سہیل وڑائچ ، منیب فاروق اور پروفیسر حسن عباس نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آگے نہیں آسکے گی۔فی الحال یہی سسٹم چلے گا، فی الحال شہباز شریف کی شکل میں ونڈر فل بوائے ملا ہوا ہے ان سے اسٹیبلشمنٹ بہت خوش ہے ، اچھائی کا امکان ہر وقت سمجھا جانا چاہئے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے، شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ تحریک انصاف کیلئے سال 2026 مختلف ہو سکتا ہے؟۔تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنیئر صحافی،تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ سہیل آفریدی جس روٹ پر چل رہے ہیں ان کا مزاحمت بڑھانے کا ارادہ ہے اور وہ اپنی اسٹریٹ موومنٹ کو دوبارہ جگانا چاہتے ہیں لیکن یہ راستہ پرخطر ہے اس میں زیادہ مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ عمران خان ، تحریک انصاف اور خود اُن کے لئے مشکلات بڑھیں گی شاید وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی بارگاہ پر قربان ہوجائیں اور ان کی وزارت کے لئے بھی پرفارمنس کا امتحان نہیں ہے بلکہ امتحان یہ ہے کہ کون پارٹی کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دے سکتا ہے۔