• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہوئے نامور بے نشاں کیسے کیسے، زمیں کھا گئی آسماں کیسے کیسے

کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) ہوئے نامور بے نشاں کیسے کیسے، زمیں کھا گئی آسماں کیسےکیسے،2025،کئی شہرت یافتہ فنکاروں کو اپنے ساتھ لے گیا، ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ عائشہ خان اور حمیرا اصغر گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ گیت نگار محمد ناصر، اداکار انور علی،جاوید کوڈو،راشد ڈار بھی مداحوں کو سوگوار کرگئے۔ سال 2025 پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک افسوسناک سال ثابت ہوا، جب اداکاری، موسیقی، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں، محنت اور فن کے ذریعے عوام کے دلوں میں گہری جگہ بنائی اور ان کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔پی ٹی وی کے سنہری دور کے معروف اداکار جواد کوڈو اپریل 2025 میں انتقال کر گئے۔ اپنے منفرد انداز اور جاندار اداکاری کے باعث وہ ناظرین میں بے حد مقبول تھے۔معروف ماڈلز و اداکارہحمیرا اصغر علی کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفینس کے ایک فلیٹ سے ملی، جہاں وہ تنہا رہتی تھیں، کئی دن سے لاش پڑی تھی اور مالک مکان نے کرائے کے تنازعے پر پولیس کو اطلاع دی تھی، خوب صورت ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی افسوسناک موت نے کراچی کے فلیٹوں میں تنہا رہنے والی اداکاراوں کو شدید خوف میں مبتلا کردیا تھا۔حمیرا اصغر کی 9 ماہ پرانی نعش فلیٹ سے ملی۔ان کی تدفین لاہور میں کی گئی۔اسی طرح سینئر اداکارہ عائشہ خان کی لاش بھی کراچی گلشن اقبال کے علاقے سے ملی، اور یہ دونوں واقعات معاشرتی تنہائی اور خاندانی نظام کے بکھرنے کی علامت کے طور پر دیکھے جا رہے تھے، جس پر کئی شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کیا۔عائشہ خان کے مشہور ڈراموں میں عروسہ اور افشاں شامل ہیں۔انہوں نے فلم اور ٹی وی دونوں میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔سینئر کیریکٹر اداکار انور علی اور ٹی وی اداکار عزیر عباسی کے انتقال نے بھی شوبز حلقوں کو سوگوار کر دیا۔کم عمری میں شہرت حاصل کرنے والے چائلڈ اسٹار عمر شاہ کی وفات نے مداحوں کو شدید غم میں مبتلا کیا۔جبکہ لوک و کلاسیکل موسیقی کے گلوکار ذوالفقار علی عطرے بھی اسی سال دنیا سے رخصت ہو گئے۔ اداکار عابد علی مرحوم کی بیوہ اور معروف اداکارہ حمیرا علی بھی 2025 میں دنیا چھوڑ گئیں۔فلم رائٹر محمد کمال پاشا،فلم پروڈیوسر چوہدری کامران اعجاز، ٹیلی ویژن کے نامور ہدایتکار راشد ڈار بھی انتقال کرگئے۔گیت نگار محمد ناصر بھی دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔سوشل میڈیا کی نوجوان شخصیت ثناء یوسف کی وفات نے ڈیجیٹل دنیا میں بھی گہرے دکھ کی لہر دوڑا دی۔ یہ تمام فنکار اپنے اپنے شعبوں میں ایک عہد کی حیثیت رکھتے تھے۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری اور ان کے چاہنے والے انہیں ہمیشہ ان کے کام، یادگار کرداروں اور فن کے ذریعے یاد رکھیں گے۔
اہم خبریں سے مزید