• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں برس سندھ کے شہری انقلابی تبدیلی محسوس کرینگے، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سال2026میں سندھ کے شہری انقلابی تبدیلی محسوس کریں گے،حکومت سندھ نے صوبے بھر میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کرلی ہے، نیا سال سندھ کے لئے ترقی، سہولت اور استحکام کا سال ثابت ہوگا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا فوکس عوامی مسائل کے پائیدار حل، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری و دیہی علاقوں کے درمیان ترقیاتی فرق کو کم کرنا ہے، سال 2026 میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت سڑکوں، پلوں، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم، پانی اور نکاسی آب کے متعدد منصوبے عملی شکل اختیار کریں گے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہر میں سڑکوں کی بحالی، پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر، ٹریفک کے دبا کو کم کرنے کے لئے نئے روٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں، حکومت سندھ کے منصوبوں سے شہریوں کو سفر میں سہولت اور وقت کی بچت میسر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے ، ڈبل ڈیکرز، ای وی بسز اور دیگر نئی بس سروسز، خواتین کے لئے محفوظ سفری سہولتیں اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کی کاوشوں کا حصہ ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، سال 2026 کے منصوبوں میں اسکولوں اور اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، نئی طبی سہولتوں کا قیام اور عملے کی استعداد کار میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لئے بھی متعدد منصوبے 2026 میں مکمل یا نمایاں پیش رفت کریں گے، نہروں کی بہتری، ڈرینج سسٹم کی اپ گریڈیشن اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے اقدامات حکومت کے طویل المدتی وژن کا حصہ ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار کو یقینی بنا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو صرف وعدے نہیں بلکہ عملی نتائج نظر آئیں، 2026میں سندھ کے شہری انقلابی تبدیلی کو محسوس کریں گے، حکومت سندھ عوامی فلاح کے ایجنڈے پر ثابت قدم ہے، ترقی کا یہ سفر آئندہ برسوں میں بھی بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔
اہم خبریں سے مزید