پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2 نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ٹیم سیالکوٹ حاصل کرنے والی فرم ’او-زیڈ ڈویلپر‘ کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد کی فرم ’ایف کے ایس‘ کے فواد سرور شامل تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے نمائندوں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، ساتھ ہی کامیاب بڈنگ کے عمل پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نئی ٹیموں کے لیے بولی کا عمل براہ راست نشر کیا گیا، یہ شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، نئی ٹیمیں پی ایس ایل کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ان 2 ٹیموں کی بڈنگ کے لیے بین الاقوامی فرمز سامنے آئی ہیں، جس سے بین الاقوامی سطح پر پی ایس ایل کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔