پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نادیہ خان اور مصدق ملک اپنے بیانات کے باعث سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
اس وقت دونوں ڈرامہ ریویو شو ’کیا ڈرامہ ہے‘ کی میزبانی کر رہے ہیں، نادیہ خان اس شو سے طویل عرصے سے وابستہ ہیں جبکہ اداکار و ہدایتکار مصدق ملک کبھی کبھار میزبان مکرم کلیم کی جگہ شو میں نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں شو کے دوران آن لائن تنقید کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ فنکار وقت کے ساتھ تنقید برداشت کرنے کے عادی ہو جاتے ہیں، مگر عام لوگ اور نئے اداکار منفی تبصروں سے شدید متاثر ہوتے ہیں، خصوصاً جب ان کی ذاتی تصاویر، جیسے اسکول یا نجی تقریبات کی تصاویر، پر منفی کمنٹس کیے جائیں۔
اس موقع پر مارینا خان نے بھی کہا کہ آن لائن بُلنگ بعض اوقات لوگوں کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیتی ہے۔
اسی گفتگو میں مصدق ملک کے بیان نے ناظرین کو مزید برہم کر دیا، انہوں نے ڈرامہ ناظرین کے سوشل میڈیا کمنٹس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہر چیز کے کمنٹس بند کر دینے چاہئیں، اگر کسی کو ڈرامہ پسند نہیں تو وہ دیکھنا چھوڑ دے، ناظرین کی رائے کی کوئی اہمیت نہیں اور یہ سمجھنا کہ ان کی رائے قیمتی ہے، محض غلط فہمی ہے، تم کون ہوتے ہو؟ تمہاری کوئی حیثیت نہیں۔
مصدق ملک کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، متعدد صارفین نے ان ریمارکس کو ناظرین کی توہین قرار دیا اور کہا کہ ڈراموں کی کامیابی میں ناظرین کی رائے بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ہم کون ہیں؟ ہم وہ لوگ ہیں جو آپ کے شوز کو ہٹ بناتے ہیں‘، ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’یہ بات ایک ایسے شو میں کہی جا رہی ہے جو خود ڈراموں پر تنقید کرتا ہے، یہ سراسر منافقت ہے۔‘
کچھ صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ چند روز قبل مصدق ملک خود نادیہ خان پر تنقید کر چکے ہیں، تو اب ناظرین کے تبصروں پر اس قدر سخت ردعمل کیوں؟ کئی افراد نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ناظرین سے اپیل کی کہ وہ ایسے رویے کے بعد ڈرامہ دیکھنے کا بائیکاٹ کریں۔