بولٹن میں ویگن روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تصادم سے زور دار دھماکے کی آواز سن کر آس پاس کے کھروں سے لوگ نکل آئے اور پولیس اور ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ رات تقریباً 12 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، ایک سرخ رنگ کی سیٹ لیون کار سامنے سے آ کر سٹروئن سی فور پیکاسو سے ٹکرا گئی، سیٹ لیون کا ڈرائیور اور اس میں موجود دو افراد جن کی عمریں 18 سے 19 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ سٹروئن گاڑی کا 50 سالہ ڈرائیور جس کا تعلق بولٹن کے نواحی ٹاؤن بلیک برن سے تھا وہ بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے پانچ دیگر مسافروں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کی چیف انسپکٹر ہیلن مک کورمک نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی باضابطہ شناخت کا عمل جاری ہے اور متاثرہ خاندانوں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
ان خاندانوں کی معاونت کے لیے خصوصی فیملی لائژن افسران تعینات کر دیے گئے ہیں، چیف انسپکٹر ہیلن مک کورمک نے حادثے کو انتہائی دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جائے حادثہ پر صورتحال ایمرجنسی سروسز کے لیے خاصی مشکل اور چیلنجنگ تھی۔
قریبی عمارت سے حاصل کی گئی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دونوں گاڑیوں کے درمیان شدید ٹکر دکھائی دیتی ہے، جس کے بعد گاڑیاں اور ملبہ مختلف سمتوں میں بکھر گیا۔
گریٹر مانچسٹر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تین فائر انجن اور ٹیکنیکل ریسپانس یونٹ جائے حادثہ پر روانہ کیے گئے۔
فائر فائٹرز نے فوری طور پر علاقے کو محفوظ بنایا اور کٹنگ آلات کی مدد سے متاثرہ افراد کو گاڑیوں سے نکال کر نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کے حوالے کیا۔
بولٹن کمیونٹی اس المناک حادثہ پر دکھ اور صدمے سے دو چار ہے انہوں نے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔