آج سے اڑھائی ہزار سال پہلے کا ذکر ہے دو ریاستیں ہوا کرتی تھیں، ایتھنز اور سپارٹا، اِن دونوں ریاستوں کے درمیان جنگ کا سا ماحول رہتا تھا، ایتھنز کی ریاست طاقتور ہو رہی تھی اور سپارٹا والوں کا خیال تھا کہ یہ طاقت اُن کیخلاف استعمال ہوگی۔ ایتھنز اور سپارٹا کے بیچ میں ایک چھوٹا سا جزیرہ تھا جس کا نام میلوس تھا، میلوس والے شریف لوگ تھے اور کسی جھگڑے میں نہیں الجھنا چاہتے تھے، خاص طور سے اِن دو بدمعاشوں کی جنگ میں تو وہ بالکل غیرجانبدار رہنا چاہتے تھے لیکن بعض اوقات آپ چاہ کر بھی نیوٹرل نہیں ہو سکتے۔ اِس قضیے میں ایتھنز کا موقف تھا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، ایتھنز کی نظر میں میلوس کی غیرجانبداری ایک خطرہ تھی کیونکہ اگر ایک چھوٹا سا جزیرہ اُنکے سامنے سر نہ جھکاتا تو نہ صرف سپارٹا کے مقابلے میں اُنکی سُبکی ہوتی بلکہ اُنکی سلطنت کے دیگر علاقے بھی بغاوت کی جرات کر سکتے تھے۔ اسی لئے ایتھنز کے ایلچی جب میلوس پہنچے تو انہوں نے کوئی لگی لپٹی بات نہیں کی اور وہی کہا جو جارج بُش نے 9/11 کے بعد ہم جیسے غریبوں کو کہا تھا کہ آیا آپ اِس جنگ میں ہمارے ساتھ ہیں یا پھر ہمارے خلاف ہیں۔ ایلچی نے یہی بات ایک اور انداز میں کہی: ”ہم یہاں انصاف یا حق و باطل پر بحث کرنے نہیں آئے۔ ہم سادہ سا اصول بیان کرنے آئے ہیں کہ ہم طاقتور ہیں اور تم کمزور۔ باقی تم خود سمجھدار ہو۔“ ایتھنز کے جرنیلوں کے یہ جملے تاریخ کا حصہ ہیں: ”تم بھی جانتے ہو اور ہم بھی کہ انسانی معاملات میں انصاف کا سوال صرف برابر کی طاقت رکھنے والوں کے درمیان اٹھتا ہے ورنہ حقیقت یہی ہے کہ طاقتور وہ سب کچھ کرتا ہے جو وہ کر سکتا ہے اور کمزور کو وہ سب کچھ سہنا پڑتا ہے جو اسے سہنا ہے۔“ اِن دو جملوں نے سفارتکاری کی دھجیاں اُڑا دیں اور اخلاقی اقدار کو سربازار برہنہ کر دیا۔میلوس کے لوگ چونکہ ’لڑکی والے تھے‘ اِسلئے جواب میں اُن بیچاروں نے من مناتے ہوئے اخلاقی اور منطقی دلیل پیش کی اور کہا کہ حضور کا اقبال بلند ہو، اگر آپ انصاف کے اصولوں کو ختم کر دینگے تو ایک دن جب آپ خود کمزور ہونگے تو آپ کو بھی انصاف نہیں ملے گا۔ میلوس والوں نے اپنی امید کا سہارا تین باتوں پر رکھا، دیوتاؤں کی مدد، سپارٹا سے کمک ملنا اور آزادی کی قدر۔ انہوں نے کہا کہ غلام بن کر جینے سے بہتر ہے کہ ہم اپنی آزادی کی حفاظت میں لڑ کر مر جائیں۔ ایتھنز کے نمائندوں نے میلوس کے باسیوں کی باتوں کا ٹھٹھا اڑایا اور جواباً کہاکہ دیوتا بھی اسی کی مدد کرتے ہیں جو طاقتور ہو۔ سپارٹا کے بارے میں ایتھنز والوں نے کہا کہ سپارٹا والے اپنے ذاتی مفاد کیلئے تو بہت بہادر ہیں لیکن تمہارے لیے وہ اپنی جان کبھی خطرے میں نہیں ڈالیں گے اور رہی بات امید کی تو یہ ایک مہنگی عیاشی ہے۔ ایتھنز نے میلوس کو آخری وارننگ دی کہ وہ جذباتیت چھوڑ کر عقل سے کام لیں لیکن میلوس کے رہنماؤں نے اپنی غیرت اور آزادی پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا۔ تاریخ بتاتی ہے کہ اس مکالمے کے ختم ہوتے ہی جنگ شروع ہوگئی۔ ایتھنز نے میلوس کا محاصرہ کر لیا، میلوس والوں نے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا لیکن سپارٹا کی طرف سے کوئی مدد نہ آئی۔ بالآخر میلوس کو ہتھیار ڈالنے پڑے، پھر ایتھنز نے وہی کیا جو اُس زمانے میں ایسے موقعوں پر کیا جاتا تھا۔ انہوں نے میلوس کے تمام بالغ مردوں کو قتل کر دیا، عورتوں اور بچوں کو غلام بنا کر بیچ دیا، اور وہاں اپنی نوآبادی قائم کرلی۔ ایتھنز اور میلوس کے درمیان ہونے والے ’مذاکرات‘ کو تاریخ میں’ میلیان ڈائیلاگ‘ کہا جاتا ہے۔ جو باتیں اِن مذاکرات میں کی گئیں وہ اڑھائی ہزار سال گزرنے کے باوجود آج بھی سیاست میں اسی ڈھٹائی کے ساتھ رائج ہیں۔ بولے تو، جسکی لاٹھی اُسکی بھینس۔ دور کیوں جائیں، جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے ابھی صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر کو اُس کی بیوی سمیت صدارتی محل سے یوں اٹھایا ہے جیسے ’ائیر فورس ون‘ کے پہلے منظر میں امریکی فوجی قازقستان کے صدر کو اٹھاتے ہیں۔ لیکن طاقت کا یہ اصول تو ازل سے طے ہے اور ابد تک رہیگا، جو بات طے نہیں ہے وہ یہ ہے کہ برہنہ طاقت سے لڑا جائے یا بغیر لڑے سر جھکا دیا جائے، خاص طور سے اُس صورت میں جب کمزور گروہ حق پر ہو۔ میلوس والوں کا اِسکے علاوہ اور کوئی قصور نہیں تھا کہ وہ فوجی اعتبار سے کمزور تھے، ایسی صورتحال میں کیا اُن سے حکمت عملی کی غلطی ہوئی کہ انہوں نے ایتھنز والے کی بیعت کرنے سے انکار کیا؟ آخر انہیں کیا حاصل ہوا؟ سب کی گردنیں اتاری گئیں، عورتیں دشمن کے تصرف میں چلی گئیں اور بچے ساری زندگی کیلئے غلام بن گئے۔ لیکن اِس بات کی کیا ضمانت تھی کہ اگر وہ بغیر لڑے گھٹنے ٹیک دیتے تو اُن کیساتھ انسانوں والا سلوک ہوتا؟ جو دشمن برہنہ طاقت پر یقین رکھتا ہو وہ کمزور کی عورتوں اور بچوں کو کس اخلاقی اصول کے تحت بخشے گا؟ تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں حملہ آوروں کے مقابلے میں مقامی آبادی نے کوئی مزاحمت نہیں کی مگر اِس کے باوجود اُن کا لحاظ نہیں کیا گیا اور انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹ دیا گیا۔ یہ ’مہذب‘ دنیا کی آنکھوں کے سامنے اسرائیل پوری بے غیرتی کے ساتھ فلسطینی بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، بھلا اِن دودھ پیتے بچوں نے اسرائیلی فوج کے سامنے کیا مزاحمت کی ہے؟ سو، سوال یہ نہیں ہے کہ کیا میلوس والوں کو ایتھنز کے سامنے بغیر لڑے ہتھیار پھینکنے چاہئیں تھے یا نہیں، سوال یہ ہے کہ کیا اُنکے پاس یہ آپشن بھی موجود تھا یا نہیں؟ میرے خیال میں کمزور کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوتا سوائے اِسکے کہ وہ اپنی موت کا طریقہ کار اور وقت خود طے کر لے۔
فلم Brave heart کا مشہور مکالمہ پھر یاد آ گیا، سکاٹ لینڈ کی آزادی کی جنگ لڑنے والا ولیم والس کہتا ہے: ”بے شک، اگر تم لڑو گے تو مر جاؤ گے۔ اور اگر تم بھاگے تو زندہ رہو گے، لیکن محض کچھ وقت کیلئے۔ آج سے کئی سال بعد جب تم بسترِ مرگ پر ہوگے تو کیا تم اپنی زندگی کے اُن تمام دنوں کے عوض صرف آج کا یہ دن بدلے میں لینا چاہو گے، صرف ایک موقع کیلئے، تاکہ یہاں واپس آکر تم اپنے دشمنوں کو بتا سکو کہ وہ ہماری جان تو لے سکتے ہیں لیکن وہ ہماری آزادی کبھی نہیں چھین سکتے!“ بہت زیادہ پڑھے لکھے دانشوروں کیلئےیہ کتابی اور جذباتی باتیں ہیں، فلمی مکالمے ہیں۔ ممکن ہے ایسا ہی ہو۔ لیکن یہ دانشور اُس فلسطینی بچے کو کیا جواب دیں گے جس سے کسی نے پوچھا کہ وہ بڑا ہو کر کیا بنے گا؟ اُس نے جواب دیا: ”فلسطین میں بچے بڑے نہیں ہوتے!“