بھارتی اداکار وکی کوشل کی فلم بیڈ بوائے کے مشہور گانے توبہ توبہ کے پنجابی گلوکار اور ریپر کرن اوجلا ایک نئے تنازعے کی زد میں آ گئے۔ کینیڈا میں مقیم ایک گلوکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ان پر شادی شدہ ہونے کے باوجود تعلق رکھنے اور حقیقت چھپانے کا الزام عائد کردیا۔
انسٹاگرام پر مس گوری کے نام سے سرگرم فنکارہ نے دعویٰ کیا کہ وہ کرن اوجلا کے ساتھ ’تعلق‘ میں تھیں، تاہم انہیں اس وقت تک معلوم نہیں تھا کہ گلوکار پہلے سے شادی شدہ ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے کرن اوجلا کے ساتھ تعلق اس وقت قائم کیا جب مجھے ان کی شادی کا علم نہیں تھا، جب یہ بات سامنے آئی تو مجھے خاموش کروایا گیا اور عوامی سطح پر بدنام کیا گیا۔
مس گوری کا مزید دعویٰ ہے کہ معاملہ منظرِ عام پر آنے کے بعد کرن اوجلا کی ٹیم نے ایک بھارتی انفلوئنسر سے رابطہ کیا تاکہ غلط معلومات پھیلائی جا سکیں اور اس تنازعے کو دبایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ میرے خلاف جھوٹے مجرمانہ الزامات سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے، جو مغربی ممالک میں وائرل ہوئے جبکہ بھارت میں انہیں دانستہ طور پر دبایا گیا، کینیڈا اور امریکا کی پولیس اس معاملے سے آگاہ ہے، تاہم ان دعوؤں کی سرکاری سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں مسلسل پوسٹس کے ذریعے مس گوری نے کہا کہ میں اب خاموش نہیں رہوں گی، بہت سی خواتین کو جوڑ توڑ، بدنامی اور خاموشی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاکہ طاقتور افراد جواب دہی سے بچ سکیں، میں اب اس سلسلے کا حصہ نہیں بنوں گی۔
ادھر الزامات سامنے آنے کے بعد کرن اوجلا یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، وہیں ان کی اہلیہ پلک اوجلا نے سوشل میڈیا پر ایک رومانوی تصویر شیئر کی، جسے مبصرین نے افواہوں پر بالواسطہ ردعمل قرار دیا۔
پلک اوجلا نے یہ تصویر انسٹاگرام اسٹوری اور ہائی لائٹس میں شیئر کی، جس میں وہ اور کرن ایک تقریب کے دوران ایک دوسرے کے قریب کھڑے دکھائی دے رہے ہیں، تصویر کے ساتھ انہوں نے دل، ملکہ اور نظرِ بد کے ایموجیز استعمال کیے، جبکہ پس منظر میں کرن اوجلا کا ایک گانا شامل تھا۔