پاکستان کی معروف سابق فیشن ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے خوفناک واقعے کا انکشاف کر دیا۔
ونیزہ احمد طویل عرصے تک فیشن انڈسٹری پر راج کرتی رہیں اور بعدازاں اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ’تم سے مل کر‘، ’زنجیر‘، ’نہ جانے کیا ہوگا‘، ’تم ہی تو ہو‘ سمیت کئی کامیاب منصوبے شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں وہ ’عہدِ وفا‘ اور ’کچھ ان کہی‘ جیسے مقبول ڈراموں میں بھی نظر آئیں۔ ونیزہ احمد خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں اور دو خوبصورت بیٹیوں کی ماں ہیں۔
زندگی میں کئی ذاتی صدمات، کم عمری میں والد کی وفات، چھوٹی بہن کے المناک انتقال اور صحت کے مسائل کے باوجود ونیزہ احمد نے ہمیشہ حوصلے اور مثبت سوچ کا مظاہرہ کیا ہے۔
حال ہی میں ونیزہ احمد نے ایک مارننگ شو میں شرکت کی، پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے ایک نہایت خوفناک واقعے سے پردہ اٹھایا۔
ونیزہ احمد نے بتایا کہ دو دن پہلے میری بیٹی کے ساتھ ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، وہ چھٹیاں گزار کر واپس آئی تھی اور اسے سن برن ہو گیا تھا، میری بڑی بیٹی عنایا نے اپنے والد کو بتایا کہ اس کی جلد بہت خشک ہو گئی ہے اور سن برن بھی ہے، میرے شوہر نے کہا کہ ناریل کا تیل بہترین علاج ہے اور انہوں نے اپنی والدہ کے گھر سے ایک بوتل اٹھا لی جو انہیں آرگینک ناریل کے تیل کی لگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عنایا نے وہ تیل اپنے چہرے پر اچھی طرح لگا لیا، مگر بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ وہ بوتل دراصل میرے شوہر کی بہن فرنیچر پالش کرنے کے لیے استعمال کرتی تھیں اور اس میں کیمیکلز موجود تھے، ان کیمیکلز نے شدید ردِعمل دیا، جس کے نتیجے میں میری بیٹی کے چہرے پر سوجن اور نیل پڑ گئے تھے، ہم فوراً اسے اسپتال لے کر گئے، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ کیمیکلز جلد کے ذریعے جسم میں جذب ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے اسے ڈرپس اور اسٹیرائیڈز دیے گئے۔
ونیزہ احمد کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور والدین کو بچوں کے لیے استعمال ہونے والی اشیاء کے بارے میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔