• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زارا نور عباس کی جذباتی پوسٹ، بیٹی کی تصویر کے ساتھ دفن ہونے کی خواہش

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

معروف پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک نہایت جذباتی اور دل کو چھو لینے والی پوسٹ شیئر کردی، جس نے مداحوں کو گہری سوچ میں مبتلا کردیا۔

زارا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک اقتباس ری پوسٹ کیا، جو ماں بننے کے احساسات اور والدین کی بےلوث محبت کی عکاسی کرتا ہے۔

اس اقتباس میں لکھا تھا کہ جب میں مر جاؤں تو مجھے اپنے بچوں کی تصویر کے ساتھ دفن کرنا، کیونکہ میری زندگی کی سب سے بڑی کامیابی میرا کیریئر، میرا گھر یا میری کمائی نہیں، بلکہ وہ بےخوابی کی راتیں ہیں جو میں نے گزاری ہیں، وہ ننھے ہاتھ جو میں نے تھامے، وہ ہنسی، وہ آنسو اور ہر وہ گلے لگانا جس نے مجھے شفا دی۔

واضح رہے کہ زارا نور عباس 2021 میں اپنے بیٹے اورنگزیب کی پیدائش کے وقت ایک ناقابلِ بیان صدمے سے گزریں، جب ان کا بیٹا مردہ پیدا ہوا، اس افسوسناک واقعے کا ذکر ان کے شوہر اور اداکار اسد صدیقی بھی مختلف انٹرویوز میں کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے اس کٹھن دور میں درپیش جذباتی مشکلات پر بات کی۔

یہ سانحہ زارا اور اسد کی زندگی کا ایک نہایت تکلیف دہ باب تھا، جس نے انہیں گہرے غم اور خود احتسابی کے مرحلے سے گزارا۔

تاہم زارا کی بیٹی نورِ جہاں صدیقی ان کی زندگی میں امید اور روشنی کی کرن بن کر آئیں، بیٹی کی موجودگی نے زارا کو ماضی کے زخموں سے نکلنے میں مدد دی اور ماں بیٹی کے رشتے نے انہیں جذباتی سہارا فراہم کیا۔

زارا نور عباس کا شمار پاکستان کی باصلاحیت اور ورسٹائل اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے ’خاموشی‘، ’عہدِ وفا‘، ’دیوارِ شب‘، ’لمحے‘ اور ’قید‘ جیسے ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے، حال ہی میں وہ ڈرامہ دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی میں نظر آئیں، جو خاندانی اقدار، محبت اور رشتوں کے گرد گھومتی کہانی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید