• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف وہی لوگ مشہور ہوئے جو کسی کا پیسہ کھا گئے: فضیلہ قاضی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی کا کہنا ہے کہ صرف وہی لوگ مشہور ہوئے جو کسی کا پیسہ کھا گئے۔

حالیہ انٹرویو کے دوران باصلاحیت اداکارہ نے ساتھی اداکار فہد مصطفیٰ کو پہچاننے سے انکار جبکہ ہمایوں سعید سے بھی خفگی کا اظہار کر دیا۔

حال ہی میں انہوں نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں ستارہ امتاز کی حامل اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کے مختلف فنکاروں سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آج کے کئی کامیاب پاکستانی پروڈیوسرز وہی افراد ہیں جنہوں نے ماضی میں اداکاروں کے ساتھ مالی بددیانتی کی اور ان کی ادائیگیاں روکیں۔

جب ان سے فہد مصطفیٰ کے بارے میں سوال کیا گیا تو فضیلہ قاضی نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور یہ تاثر دیا کہ وہ انہیں جانتی ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فہد مصطفیٰ؟ وہ کون ہیں؟

ہمایوں سعید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فضیلہ قاضی نے کہا کہ اگر وہ میرے گھر آئیں تو میں انہیں صرف ایک کپ چائے پیش کروں گی۔ ویسے بھی چائے پلانا ہی بہت بڑی بات ہے، تکنیکی طور پر تو مجھے اتنا بھی نہیں کرنا چاہیے، لیکن میں مہمان نواز انسان ہوں۔ اس کے علاوہ میں اور کیا کہہ سکتی ہوں؟

انٹرویو کے دوران فضیلہ قاضی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کئی بڑے پروڈیوسرز ماضی میں اداکاروں کے ساتھ کیے گئے فراڈ اور اسکینڈلز کا نتیجہ ہیں۔

ان کے مطابق بہت سے اداکار مختلف لوگوں سے پیسے لے کر ڈرامے بناتے رہے، اپنا چہرہ بیچا، دوستوں کو اپنے پراجیکٹس میں شامل کیا اور آج وہ بڑے پروڈیوسرز بن چکے ہیں۔ کبھی ادائیگی کی، کبھی نہیں کی۔ وہ فراڈ کے ذریعے ہی آگے بڑھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ دوسروں کی ادائیگیاں روکتے تھے، وہ بار بار زیرِ بحث آنے کے باعث مشہور ہوتے گئے۔ بعض لوگ صرف لوگوں کے پیسے کھا کر ہی مشہور رہتے ہیں اور مزید مقبولیت حاصل کرتے چلے جاتے ہیں۔

ان کے مطابق ’ہم نے اپنے پروڈکشن ہاؤس میں کبھی کسی کا پیسہ نہیں روکا تو آج کسی کو پتہ ہی نہیں ہے کہ ہمارا بھی کبھی پروڈکشن ہاؤس ہوا کرتا تھا۔‘

واضح رہے کہ فضیلہ قاضی پاکستانی ٹیلی وژن کی سینئر اداکارہ اور سابق میزبان ہیں۔ وہ تقریباً 3 دہائیوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی کے متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی، جن میں دشت، کشش، مقدس، نظرِ بد، تیرے بن اور صرف تم شامل ہیں۔

فضیلہ قاضی کی شادی سینئر اداکار قیصر خان نظامانی سے ہوئی ہے اور ان کے 2 بیٹے احمد اور زورین ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید