بھارت میں ایک خاتون کو طلاق لیے بغیر 5 بار شادی کرنے کے جرم میں 2 سال قید کی سزا سنا دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کی ایک ضلعی عدالت نے ملزمہ کو جائیداد ہتھیانے کی نیت سے طلاق حاصل کیے بغیر 5 بار شادی کرنے کے جرم میں 2 سال قید بامشقت اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کو سزا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میگھا اگروال نے متاثرہ شوہروں میں سے ایک کی شکایت پر شاہجہان آباد تھانے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سنائی ہے۔
متاثرہ شوہر نے عدالت کو بتایا کہ حسینہ نامی خاتون نے مجھ سے یہ حقیقت چھپائی کے وہ پہلے ہی 4 شادیاں کر چکی ہے اور مجھ سے پانچویں بار شادی کی۔
متاثرہ شوہر کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد جب سے حقیقت سامنے آئی ہے میں ذہنی اور مالی طور پر پریشان ہوں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ خاتون نے جان بوجھ کر تنہا رہنے والے مردوں کو نشانہ بنایا اور شادی کے بعد مبینہ طور پر اپنے شوہروں کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش میں اُنہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔
عدالت نے مزید کہا کہ شواہد سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمہ اکیلے یہ کام نہیں کر رہی تھی بلکہ اس کی بیٹیاں اور داماد بھی اس فراڈ میں اس کے ساتھ شامل تھے۔
عدالت نے خاتون کو متعدد قانونی دفعات کے تحت سزا سناتے ہوئے کہا کہ طلاق کے بغیر بار بار شادی کرنا غیر قانونی ہے اور اس اقدام سے شادی پر معاشرے کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی۔