بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اس سے متعلق جلد اعلامیہ جاری کرے گی۔
اس سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ایک اور خط لکھ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت اور بھارت نہ جانے کے معاملے پر بی سی بی نے یہ خط لکھا تھا۔
بی سی بی نے خط میں بنگلادیش ٹیم کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت نہ جانے کا معاملہ آئی سی سی انڈیپینڈنٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو بھیجنے کا کہا تھا۔
بی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے میچز ری لوکیٹ کرنے کی درخواست کی ہے اور اپنا مؤقف ایک مرتبہ پھر دہرایا ہے۔
بی سی بی نے کل کے فیصلے کی روشنی میں آئی سی سی سے دوبارہ رابطہ کیا ہے اور اپنی ٹیم بھارت نہ بھجوانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
اس سے قبل مشیر کھیل بنگلادیش ڈاکٹر آصف نذرل نے اعلان کیا تھا کہ بنگلادیش ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، ہمارے تحفظات حقیقی ہیں، آئی سی سی نے ان کو تسلیم نہیں کیا، آئی سی سی نے ہمارے مؤقف کو تسلیم نہیں کیا۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے بھی آئی سی سی کے ٹی20 ورلڈ کپ 2026ء میں بنگلادیش کی جگہ دوسری ٹیم کی شمولیت کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مؤقف یہی ہے کہ ہمیں سری لنکا میں کھیلنے دیا جائے، ہم سب ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن بھارت جانا محفوظ نہیں سمجھتے۔