عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی ہے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیوس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تہہ دل سے عزت کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کی معاشی اصلاحات قابلِ تعریف ہیں۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جب کسی کام کی ٹھان لیں تو اسے مکمل کر کے ہی چھوڑتے ہیں۔
یاد رہے کہ عالمی اقتصادی فورم کے 56 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری سے آگاہ کیا، ملاقات میں عالمی اقتصادی نقطہ نظر اور ابھرتی معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اقتصادی استحکام کے تحفظ میں کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت سے بھی انہیں آگاہ کیا اور مالیاتی نظم و ضبط، محصولات اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔