• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آئی نے سابق کینیڈین اولمپیئن رایان ویڈنگ کو منشیات اسمگلنگ کے الزامات میں گرفتار کر لیا

--فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
--فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے سابق کینیڈین اولمپیئن سنو بورڈر رایان جیمز ویڈنگ کو میکسیکو سٹی میں گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا ہے جہاں وہ منشیات اسمگلنگ اور قتل کے سنگین الزامات کا سامنا کریں گے۔

ایف بی آئی کے مطابق 44 سالہ رایان ویڈنگ کا تعلق ایک بڑے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے ہے جو کولمبیا سے کوکین امریکا اور کینیڈا تک پہنچاتا تھا۔ رایان ویڈنگ پر کارٹل سے تعاون کرنے اور سالانہ کروڑوں ڈالر کے منشیات کے کاروبار چلانے کا الزام ہے۔

امریکی ایجنسی کے مطابق رایان ویڈنگ پر متعدد قتل کے الزامات بھی ہیں جن میں ایک امریکی وفاقی اہلکار کی ہلاکت بھی شامل ہے جو اس کے خلاف گواہی دینے والا تھا۔ 

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اسے جدید دور کا ’ایل چاپو‘ (El Chapo) اور ’بابلو ایسکوبار‘ (Pablo Escobar) قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رایان ویڈنگ نے 2002ء کے سالٹ لیک سٹی اولمپکس میں کینیڈا کی نمائندگی کی تھی تاہم بعد میں اس کا نام ایف بی آئی کے 10 سب سے زیادہ مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل ہو گیا اور اس کی گرفتاری پر 15 ملین ڈالر انعام مقرر کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے وقت رایان ویڈنگ کے خلاف 36 دیگر افراد کے گرفتار ہونے اور قیمتی اثاثوں جیسے لگژری گاڑیاں، فن پارے اور زیورات ضبط کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

رایان ویڈنگ کو کل امریکی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اسے منشیات اسمگلنگ، متعدد قتل اور مجرمانہ سازش سمیت دیگر جرائم کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید