• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحۂ گل پلازا کے بعد سروے، کراچی کی 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہ ہونے کا انکشاف

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سانحۂ گل پلازا کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کراچی کے 3 اضلاع میں عمارتوں کا سروے جاری ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سروے میں 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

کراچی کے ضلع شرقی، وسطی اور جنوبی میں رہائشی و تجارتی عمارتوں کا فائر آڈٹ شروع کیا گیا، ایس بی سی اے نے 300 سے زائد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہ ہونے پر نوٹسز جاری کر دیے۔

ایس بی سی اے کی جانب سے نوٹسز میں عمارتوں میں 3 روز کے دوران فائر سیفٹی انتظامات مکمل کرنے کا وقت دیا گیا ہے۔

ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ چند عمارتوں میں فائر سیفٹی کے آلات ناکارہ حالت میں پائے گئے، بیشتر بلند عمارتوں میں ہنگامی اخراج کا راستہ موجود نہیں، چند عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے بند پائے گئے۔

حکام کے مطابق سروے میں ایس بی سی اے کی خصوصی ٹیم کے ہمراہ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موجود تھا، نوٹسز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، 3 روز میں فائر سیفٹی اقدامات نہ کرنے پر عمارتوں کو سِیل کیا جائے گا۔

ایس بی سی اے حکام نے بتایا ہے کہ عمارتوں کے مالکان اور یونینز کو فائر سیفٹی اقدامات کے ساتھ فائر بریگیڈ کا این او سی بھی لینا ہو گا، عمارتوں کا سیل کیے جانے کا کام ضلعی انتظامیہ کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید