صدرِمملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پنجگورمیں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِمملکت آصف علی زرداری نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کا غیر متزلزل عزم اور سیکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشنز قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں، بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر ِاعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ اطمینان کیا ہے۔
جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بے امنی پھیلانے والے ریاست دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں، حکومت امن و امان کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور ’عزمِ استحکام‘ کےتحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔