پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللّٰہ بابر نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد دنیا کی سیاست اور سلامتی کے تصورات یکسر تبدیل ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ نے خطے کو براہِ راست متاثر کیا۔
فرحت اللّٰہ بابر نے اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون اور اختیار کے نام پر ماورائے آئین اقدامات تشویش ناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بغیر الزامات لگانا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
سینئر پی پی پی رہنما نے کہا کہ طاقت ور طبقات کو بھی قانون کے دائرے میں آنا ہو گا، جمہوریت شفافیت اور جوابدہی کے بغیر مضبوط نہیں ہو سکتی۔
فرحت اللّٰہ بابر نے کہا کہ اختلافِ رائے کو دبانا مسائل کا حل نہیں، ریاست کو اپنے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خوف کے ماحول میں آزاد رائے پنپ نہیں سکتی، پاکستان کو آئین کی بالادستی کی طرف واپس جانا ہو گا۔