ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بورڈ کے مؤقف پر کھلاڑیوں کو بھی اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر گرین شرٹس کے کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مکمل حمایت کی۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے دہرے معیار کو پی سی بی مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کا ورلڈ کپ بھارت نہ کھیلنے کا فیصلہ اصولوں پر مبنی ہے، ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدِنظر رکھ کر بنگلا دیش کی حمایت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی حکومت جو فیصلہ کرے گی اس پر من و عن عمل کریں گے، سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو اصولوں پر چلنا چاہیے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔
دوسری طرف پی سی بی حکام نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وزیرِ اعظم سے قبل وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل چیئرمین محسن نقوی کہہ چکے ہیں کہ ورلڈ کپ میں بھارت میں نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلادیش بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے کرکٹ کے اصولوں کو مدِنظر رکھ کر بنگلا دیش کی حمایت کی، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر چلنا چاہیے۔