پاکستان کی معروف اداکارہ فضا علی نے شادی میں ڈانس اور یوٹیوبر رجب بٹ کو نظر انداز کرنے سے متعلق ماضی کے تنازعات پر وضاحت پیش کر دی۔
حال ہی میں اداکارہ نے فلم ہدایت کار سید فیصل بخاری کے صاحبزادے اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سید شہباز بخاری کو اپنے پوڈ کاسٹ میں مدعو کیا، جہاں انہوں نے مختف امور پر بات چیت کی اور ماضی میں مذکورہ انفلوئنسر کی شادی سے وائرل ڈانس ویڈیو اور تقریب میں رجب بٹ کو نظر انداز کرنے کے تاثر پر کھل کر بات کی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے بتایا کہ میں مری سے واپسی آ رہی تھی، اس وقت میں آپ کی شادی میں شرکت کے لیے تیار نہیں تھی، لیکن مجھے فیصل بھائی نے کال کی اور عارف لوہار نے بھی اصرار کیا کہ جیسی بھی ہو بس شادی میں آجاؤ۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ جب میں تقریب میں شامل ہوئی تو ماحول نہایت خوشگوار تھا اور ہر کوئی ڈانس کر رہا تھا۔ میں نے بھی شادی میں اسی طرح ڈانس شروع کردیا، اس سے قبل علی بھائی کی شادی پر ایسے ہی ڈانس کیا تھا، جہاں احسن خان، نیلم منیر وغیرہ سب موجود تھے، مگر اس وقت سوشل میڈیا اتنا فعال نہیں تھا، اس لیے معاملہ وائرل نہیں ہوا۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ تقریب میں فیصل بھائی نے میری ملاقات رجب بٹ سے کروائی، جنہیں میں اس وقت نہیں جانتی تھی، اس وقت میرے ذہین میں یہی تھا کہ ڈانس کے لیے کونسا گانا چلوانا ہے اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک میم وائرل ہوگئی کہ ’اپنے مسائل کو ایسے نظرانداز کریں جیسے فضا علی نے رجب بٹ کو کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ میرے رقص کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ٹرول کیا گیا اور یہاں تک کہ اسے غیر مناسب قرار دیا گیا، جو میرے لیے تکلیف دہ تھا۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رجب بٹ میرے بھائیوں کی طرح ہیں اور میں نے انہیں بالکل نظرانداز نہیں کیا۔ فضا علی کے مطابق میں نے اس وضاحت سے قبل بھی رجب بٹ کو ان کی اہلیہ کے ذریعے یہ بات پہنچا چکی ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پورا معاملہ غلط فہمی پر مبنی ہے، جسے غیر ضروری طور پر سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔