• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شانزے علی روحیل کے بھارتی ملبوسات پر شیخ روحیل اصغر کی وضاحت

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

حال ہی میں ہونے والی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز و کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر اور ن لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے علی روحیل کی شادی کا چرچہ تاحال جاری ہے۔

سوشل میڈیا صارفین شادی کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً اسٹائلنگ، ملبوسات اور دیگر وائرل لمحات پر کھل کر تبصرے کر رہے ہیں، بالخصوص دلہن شانزے علی روحیل کے مہندی اور بارات کے ملبوسات زیرِ بحث رہے، کیونکہ یہ ملبوسات بھارتی ڈیزائنرز کے تیار کردہ تھے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق ان کا مہندی کا لباس سبیاساچی مکھرجی جبکہ بارات کی ساڑھی ترون تہلیانی نے ڈیزائن کی تھی۔ بعض مداحوں نے بھارتی ڈیزائنرز کی ویب سائٹس پر جا کر ان ملبوسات کی قیمتوں کا بھی اندازہ لگایا۔

اب حال ہی میں جنید صفدر کے سسر اور شانزے علی روحیل کے دادا شیخ روحیل اصغر نے ان ملبوسات پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے روحیل اصغر نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی پر خرچ ہونے والی رقم پر کیوں ناراض ہیں۔ میں نے اپنی حیثیت کے مطابق کیا جو کچھ کیا۔ میں نے کسی سے کچھ لیا؟

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے حقیقت سے واقف نہیں ہیں، لوگ اس بات پر اعتراض کر رہے ہیں کہ شادی کے ملبوسات بھارتی ڈیزائنرز کے تھے، جبکہ انہیں یہ علم نہیں کہ شانزے کی پُھوپھی، یعنی میری چھوٹی بیٹی، پاکستان کی بڑی ڈریس ڈیزائنرز میں سے ایک ہے اور کئی لوگ ان سے اپنے لباس تیار کرواتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسے بیمار ذہن رکھنے والوں پر افسوس کرتا ہوں اور مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ اس طرح کی باتوں پر کیوں بحث کرتے ہیں۔

روحیل اصغر کے مطابق لوگوں کو یہ رویہ ترک کر دینا چاہیے، کیونکہ جو کچھ آج وہ کہہ رہے ہیں، کل وہی باتیں ان کی طرف بھی لوٹ سکتی ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید