پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اپنے چہرے پر پڑنے والے ’ڈمپلز‘ کی وجہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر اکثر ہی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں۔
چند ماہ قبل ایک ماہر امراض جلد نے دعویٰ کیا تھا کہ ہانیہ عامر نے ڈمپل پلاسٹی کروائی ہے۔
اب حال ہی میں اداکارہ کی کزن نے اپنی ایک پوسٹ میں ان کی اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے دور کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں ماہر امراض جلد کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ ہانیہ عامر کی فرسٹ کزن اور قریبی رشتہ دار ہونے کے ناطے میں سمجھتی ہوں کہ یوٹیوب اور انسٹاگرام پر وائرل غلط معلومات پر وضاحت دینا ضروری ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ ہانیہ عامر کے ڈمپلز اور گوری رنگت کسی سرجری یا کاسمیٹک پروسیجر کا نتیجہ نہیں بلکہ قدرتی ہیں جس کا اندازہ ان کی اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی تصاویر سے ہوتا ہے۔
اداکارہ کی کزن نے مزید کہا کہ ہانیہ عامر نے 18 سال کی عمر میں میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’جانان‘ سے کیا اور گزشتہ 10 سالوں کے دوران ان کی خوبصورتی میں قدرتی طور پر اضافہ ہوا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہانیہ عامر کا تعلق راولپنڈی سے نہیں ہے بلکہ وہ کراچی میں ایک اعلیٰ متوسط گھرانے میں پیدا ہوئیں جہاں اُنہیں زندگی کی تمام مناسب سہولتیں میسر ہیں۔
ادکارہ کی کزن نے یہ بھی لکھا کہ ابھی تک فیملی کی جانب سے ان کی شادی کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، اس لیے براہ کرم ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلانا بند کریں۔