بھارتی شہر بنگلورو میں جہیز کے مطالبات، ذہنی دباؤ اور ہراسانی سے تنگ آ کر 24 سالہ لڑکی نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ کی شناخت کیرتھی شری کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ کے والدین نے پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں کہا ہے کہ کیرتھی شری اپنے شوہر گروپرساد اور اس کے اہلِ خانہ کی جانب سے مسلسل رقم کے مطالبات کے سبب شدید ذہنی دباؤ میں تھی۔
پولیس کے مطابق کیرتھی شری کی شادی 2023ء میں جم ٹرینر گروپرساد سے ہوئی تھی۔
والدین کا کہنا ہے کہ شادی پر تقریباً 30 لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے۔ شکایت کے مطابق دسمبر 2025ء میں کیرتھی کے شوہر نے مکان کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جس میں سے 8 لاکھ روپے ادا کیے گئے تاہم بقیہ 2 لاکھ روپے کے لیے کیرتھی پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلسل ہراسانی سے تنگ آ کر کیرتھی شری نے اتوار کو اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔
کریتی کے والدین کی شکایت پر پولیس نے شوہر گروپرساد اور اس کے والدین کے خلاف جہیز کے مطالبے، ہراساں کرنے اور خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔